نئی دہلی، 29/دسمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)سی بی آئی نے دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین کے او ایس ڈی کے طور پر سینئر ریزڈنٹ ڈاکٹر نکنج اگروال کی تقرری میں مبینہ بے ضابطگیوں کے سلسلے میں ایک ایف آئی آر درج کی ہے۔ایجنسی نے دہلی حکومت کے ڈپٹی سیکریٹری کے ایس مینا کی شکایت پر ایک مقدمہ درج کیا تھا۔شکایت اب ایف آئی کا حصہ ہے۔ایف آئی آر چچا نہرو بال کلینک کے ڈائریکٹر انوپ موہتا اور ہسپتال میں سینئر ریزڈنٹ اگروال کے خلاف درج کی گئی ہے۔اس میں اینٹی کرپشن ایکٹ کی دفعات کے تحت مجرمانہ سازش کے الزام لگائے گئے ہیں۔بی جے پی لیڈر وجیندر گپتا نے الزام لگایا تھا کہ اگروال دہلی کے وزیر اعلی کی سالی کے داماد ہیں۔اپنی شکایت میں ویجلنس محکمہ نے دعوی کیا کہ اگروال کو 10اگست 2015کو ایڈہاک بنیاد پر چچا نہرو کلینک میں سینئر ریزڈنٹ(آتھرے)مقرر کیا گیا،تاہم سینئر ریزڈنٹ کو بھرتی کرنے کی کوئی تجویز نہیں تھی اور ایسا کوئی عہدہ بھی نہیں تھا۔اس میں الزام لگایا گیا ہے کہ سینئرریزڈنٹ کے طور پر ڈاکٹر نکنج اگروال کے انتخاب کے لئے ہسپتال کی جانب سے کوئی اشتہار بھی جاری نہیں کیا گیا۔اس کے لئے کوئی ”واک-ان-انٹرویو“بھی نہیں کیا گیا۔شکایت میں الزام ہے کہ اگروال نے ایک سادہ کاغذ پر 6 اگست 2015کو اسپتال میں تقرری کے لئے ہاتھ سے لکھی درخواست دی اور بغیر عمل کو مکمل کئے چار دن میں ان کی تقرری کی منظوری دے دی گئی۔اس میں الزام لگایا گیا ہے کہ اگروال کی تقرری کے کچھ دن کے اندر ہی ان کو دہلی حکومت کے وزیر صحت کا او ایس ڈی بنا دیا گیا۔